29 Mar, 2024 | 19 Ramadan, 1445 AH

Question #: 2448

May 22, 2019

aoa 1. aurton k liye bal katwanay ki kya had hai ya fatwa hai plz zyada detail mai bta den 2. kya blue ya purple waghira ,aese rangon k bal shokiya dye krwa skte hain agr bahir jate hue pardah krte hon or sb ghair mehramon se b pardah krte hon .

Answer #: 2448

السلام علیکم !   1۔ عورتوں کے لیے بال کٹوانے کی کیا حد ہے یا فتویٰ ہے؟ براہ کرم زیادہ تفصیل میں بتا دیں۔

2۔ کیا نیلا یا جامنی رنگ وغیرہ، ایسے رنگوں کے بال شوقیہ رنگ کروا سکتے ہیں اگر باہر جاتے ہوئے پردہ کرتی ہوں اور سب غیر محرموں سے بھی پردہ کرتی ہوں؟

الجواب حامدا ومصلیا

1.            گھنے اور لمبے بال عورتوں کے لیے باعث زینت ہیں،تفسیرروح البیان میں ہے کہ آسمانوں میں بعض فرشتوں کی تسبیح کے الفاظ یہ ہیں:''پاک ہے وہ ذات جس نے مردوں کو داڑھی سے زینت بخشی ہے اورعورتوں کو چوٹیوں سے''  عورتوں کابلاعذر  سر کے بالوں کو کاٹنااور مردوں کی مشابہت اختیار کرناجائز نہیں  ہے ، اورایسی عورتوں پر نبی کریم ﷺ نے لعنت فرمائی ہے۔

مشکوٰۃ شریف کی روایت میں ہے:''حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اللہ تعالی کی لعنت ہے ان مردوں پر جو عورتوں کی مشابہت اختیارکرتے ہیں اور ان عورتوں پر جومردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہیں''۔  البتہ اگر شرعی عذر ہو مثلاً : علاج کی غرض سے بال کٹوانے ہوں یابال اتنے طویل ہوجائیں کہ سرین سے بھی نیچے  ہو جائیں اور عیب دار معلوم ہوں تو فقط زائد بالوں کاکاٹناجائز ہوگا۔حاصل یہ ہے کہ عورتوں کامردوں کی مشابہت یافیشن کے طور پر بال کاٹنا جائز نہیں ہے  حتی کہ اس معاملہ میں شوہر کی اطاعت بھی جائز نہیں۔

(تفسیر روح البیان،1/177،ط: داراحیاء التراث۔ البحرالرائق،8/233،ط: دارالمعرفہ۔  فتاوی رحیمیہ10/120، ط:دارالاشاعت)

2.            خواتین کے لیے شوہر کی خاطر زینت اختیا کرناجائز اور مطلوب ہے ،اس نیت سے بالوں کو  رنگنا بھی جائز ہے، خواہ وہ رنگ کافی عرصہ تک باقی رہے، البتہ خالص سیاہ رنگ استعمال کرنا جائز نہیں ہے، احادیثِ مبارکہ میں اس سے منع کیا گیا ہے۔

باقی اس نیت سے بال رنگنا کہ اس طرز کا آج کل فیشن ہے ، جائز نہیں ، اس سے اجتناب لازم ہے۔

والله اعلم بالصواب

احقرمحمد ابوبکر صدیق  غفراللہ لہ

دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ

‏30‏ شعبان‏، 1440ھ

‏05‏ مئی‏، 2019ء