25 Apr, 2024 | 16 Shawwal, 1445 AH

Question #: 2763

March 12, 2021

میں ڈاکٹر ہوں داویئوں کی کمپنیوں والے تحفہ لاتے ہیں اور ہم ان کمپنیوں کی دوائیاں لکھتے بھی نہیں تو کیا ہمارے لیے وہ تحفہ مثلاً (کیک, مشروبات وغیرہ )لینا اور ان کو استعمال کرنا جائز ہے یا نا جائز ؟؟؟

Answer #: 2763

الجواب حامدا ومصلیا

            واضح رہے کہ ڈاکٹری ایک ایسا شعبہ ہے  جس میں ڈاکٹر کا مریض کی خیر خواہی کو اور اس کی مصلحت کو ہی مدِ نظر رکھنا اور اس  کی رعایت رکھنا شرعی اور اخلاقی  ذمہ داری ہے، اس بنا پر ڈاکٹر اور مریض کے معاملہ کی وہ صورت  جو مریض کی مصلحت اور فائدہ کے خلاف ہو یا جس میں ڈاکٹر اپنے پیشہ یا مریض کے ساتھ کسی قسم کی خیانت کا مرتکب ہوتا ہو، شرعاً درست نہیں ہے، لہذا اگر ڈاکٹر اپنے مالی فائدے یا کسی اور قسم کی ذاتی منفعت  ہی کو ملحوظ رکھتا ہے اور مریض کی مصلحت اور فائدے سے صرف نظر کرتے ہوئے  اس کے لیے علاج/دوا تجویز کرتا ہے تو یہ دیانت کے خلاف ہے اور اس میں ڈاکٹر گناہ گار ہوگا،  اور اس کے لیے اس کے عوض کمپنی سے کمیشن وغیرہ لینا بھی جائز نہیں ہوگا۔

البتہ  اگر ڈاکٹر مریض کی مصلحت اور خیر خواہی کو مدنظر رکھتے ہوئے  پوری دیانت داری کے ساتھ مریض کے لیے وہی دوا تجویز کرے جو اس کے لیے مفید اور موزوں ہو اور اس میں درج ذیل شرائط کی رعایت بھی کی جائے تو ایسی صورت میں ڈاکٹر کے لیے کمپنی سے کمیشن/ تحائف اور ہدایا لینے کی گنجائش ہے:

  1. محض کمیشن وصول کرنے کی خاطر  ڈاکٹر غیر معیاری  وغیر ضروری  اور مہنگی ادویات تجویز نہ کرے۔
  2. کسی دوسری کمپنی کی دوا مریض کے لیے  زیادہ مفید سمجھتے ہوئے  خاص اس کمپنی  ہی کی دوا تجویز نہ کرے ۔
  3. دوا ساز کمپنیاں ڈاکٹر کو دیے جانے والے کمیشن / تحفہ /مراعات  کا خرچہ  ادویات  مہنگی  کر کے مریض  سے وصول  نہ کریں ۔
  4. دوا ساز کمپنیاں کمیشن، تحفہ ومراعات کی ادائیگی  کا خرچہ  وصول کرنے کے لیے  ادویات  کے معیار  میں کمی نہ کریں ۔
  5. نیز اس کمپنی کی دوا مریض کے لیے مفید اور دوسری اس  طرح کی دواؤں سے مہنگی نہ ہوں۔

اگر ان مذکورہ بالا شرائط کی رعایت نہ کی جائے تو ڈاکٹر کے لیے  کمپنی سے  اس کے بدلے میں کوئی چیز لینا  یا کمپنی والوں کو کمیشن یا تحفہ کے نام سے کچھ دینا دونوں ناجائز ہوگا۔

لہذا صورت مسولہ میں جب آپ ان کمپنیوں کی دوائی لکھتے نہیں ہیں توآپ کے لیے  ان سے تحفہ لینا جائز ہے ۔

والله اعلم بالصواب

احقرمحمد ابوبکر صدیق غَفَرَاللّٰہُ لَہٗ

دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ

‏13‏ شوّال‏، 1442ھ

‏26‏ مئی‏، 2021ء